مریم نواز نے ستھرا پنجاب کی گاڑی تلے آکر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا بھی اظہار کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی روانی، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔مریم نواز شریف نے لاہور کی تمام معروف شاہراہوں پر بائیک لین مقرر کرنے اور پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے پیدل چلنے والوں کے لیے زیبرا کراسنگ پر الرٹ بٹن نصب کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا، جبکہ زیبرا کراسنگ پر پیدل گزرنے والوں کی سہولت اور پابندی یقینی بنانے کے لیے کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے مال روڈ پر زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے مال بردار ٹریکٹر ٹرالیوں کو بغیر کور کیے سڑکوں پر آنے سے روکنے اور ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالیوں کے لیے بھی کور کرنے کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔گنے کا سیزن شروع ہونے سے قبل اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساؤتھ ایشیا میں لاہور کی ٹریفک رینکنگ میں بہتری پر اظہار مسرت کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمبیو گلوبل ٹریفک رینکنگ انڈیکس میں لاہور 149ویں نمبر سے بہتر ہو کر 29ویں نمبر پر آچکا ہے۔بریفنگ کے مطابق جاتی امرا چوک، پائن ایونیو، ڈیفنس موڑ، کریم بلاک، اکبر فلائی اوور، کاہنہ اور مین بلیو وارڈ میں ٹریفک کے ہجوم میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ نے فیروز پور روڈ کو بھی لاہور کا ماڈل روڈ قرار دینے کی ہدایت کی، جبکہ پائن ایونیو اور جاتی امرا چوک میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے سگنلز نصب کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں 16 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کے لیے اب تک 4096 ٹریفک پرمٹ یا لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر خواتین کے لیے 65 ہزار پینک بٹن بھی نصب کیے جاچکے ہیں۔
