کسٹمز کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مسلم سنز انٹرپرائز اور موسانی سنڈیکیٹ کے نام سے 71 ہزار 815 انٹرنیٹ راؤٹرز درآمد کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت ڈیوٹیز اور ٹیکسز سمیت 3 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، جبکہ یہ راؤٹرز پی ٹی اے کی منظوری کے بغیر درآمد کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کمپنیوں کو مبینہ طور پر فرنٹ مین کے نام پر رجسٹر کرکے خفیہ آپریٹرز کے لیے ’’مارکیٹ آئی ڈیز‘‘ کے طور پر استعمال کیا گیا اور ان کے رجسٹرڈ کاروباری پتے بھی مشکوک نکلے۔ کسٹمز کے مطابق دونوں کمپنیوں کے وی بوک اکاؤنٹس ہزاروں مختلف آئی پی ایڈریسز سے استعمال ہوئے، جن میں 1,048 آئی پی ایڈریسز مشترک تھے، جس سے مشترکہ کنٹرول کا شبہ مزید مضبوط ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیوں نے 2 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی درآمدات کیں، جبکہ ڈیوٹیز اور ٹیکسز سمیت مجموعی لاگت 3 ارب 20 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی، اس کے مقابلے میں مالکان کا ابتدائی مشترکہ سرمایہ صرف 22 لاکھ روپے تھا۔ کمپنیوں کی مالی حیثیت اور اربوں روپے کی درآمدات میں بڑے فرق کے باعث خفیہ بینیفیشل اونرز کی جانب سے فنڈنگ کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دونوں کمپنیوں کے 108 مقامی خریدار اور 12 غیر ملکی سپلائرز مشترک تھے، جبکہ اے کے سنز ٹریڈنگ کمپنی نے مجموعی درآمدات کا 61 فیصد سامان فراہم کیا۔ تقریباً 2 ارب 90 کروڑ روپے کی مقامی فروخت کے باوجود سیلز ٹیکس کی ادائیگی میں بے ضابطگیوں، بلیک لسٹ اور غیر فعال خریداروں کو سامان فروخت کرنے اور جعلی یا فلائنگ انوائسز کے ممکنہ استعمال کا شبہ بھی سامنے آیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر انڈرانوائسنگ بھی ہوئی، جہاں راؤٹرز کی درآمدی قیمت 9 کروڑ 70 لاکھ روپے ظاہر کی گئی، جو اسیسمنٹ کے بعد 56 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ رپورٹ میں معاملے کو صرف پی ٹی اے کی منظوری کے بغیر راؤٹرز کی درآمد تک محدود نہیں قرار دیا گیا بلکہ مبینہ مالی فراڈ اور ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کے شواہد کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ کسٹمز نے بینکوں سے فنڈز کے ذرائع اور ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کرنے کے ساتھ کسٹمز، ان لینڈ ریونیو اور ایف آئی اے پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے، دونوں کمپنیوں کی وی بوک یوزر آئی ڈیز معطل کرنے اور ٹیکس معاملات متعلقہ آر ٹی او کو بھیجنے کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 71 ہزار سے زائد راؤٹرز کی مشکوک درآمد سے شروع ہونے والی تحقیقات مبینہ جعلی کمپنیوں، خفیہ آپریٹرز اور اربوں روپے کے مالی بہاؤ تک جا پہنچی ہیں۔