دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والے تین روزہ اجلاس میں دنیا بھر سے پولیس سربراہان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام، سکیورٹی ماہرین اور جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔ورلڈ پولیس سمٹ کے سرکاری ایجنڈے کے مطابق محمد احسن یونس 17 نومبر کو سہ پہر 3 بج کر 40 منٹ پر پنجاب کے مربوط ڈیجیٹل حفاظتی نظام کے موضوع پر خصوصی سیشن سے خطاب کریں گے۔اس موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید سکیورٹی نظام، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات کو عالمی شرکا کے سامنے پیش کیا جائے گا، سیشن میں مختلف سکیورٹی اداروں کے درمیان ڈیجیٹل رابطوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی تحفظ کو بہتر بنانے کے امور پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔اسی روز شام 4 بج کر 30 منٹ پر محمد احسن یونس پولیس افسران اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ایک اور بین الاقوامی سیشن میں شریک ہوں گے، اس مباحثے میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سابق رائل میرینز کمانڈو اور مصنف گیرتھ ٹمنز بھی شرکت کریں گے، جبکہ دبئی پولیس کے فرانزک سائیکالوجی ماہر لیفٹیننٹ عبداللہ المطروشی سیشن کی نظامت کریں گے، گفتگو میں پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ورلڈ پولیس سمٹ 2026 متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں دبئی پولیس کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے۔کانفرنس میں 90 سے زائد ممالک کے نمائندوں اور 220 سے زیادہ عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ تین روزہ اجلاس کے دوران مصنوعی ذہانت، سائبر جرائم، جدید پولیسنگ، عوامی تحفظ، منظم جرائم اور بین الاقوامی سکیورٹی تعاون سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔محمد احسن یونس کی بطور مقرر شرکت پاکستان اور پنجاب میں جدید پولیسنگ اور عوامی تحفظ کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اقدامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع فراہم کرے گی۔