بنگلہ دیش:ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی

بنگلہ دیش میں رواں برس اب تک ڈینگی بخار سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے زائدہو چکی ہے۔سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں مچھروں سے پھیلنے والی وبا سے ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ تعداد ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کی رپورٹ کے مطابق ایک ہزار چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ دو لاکھ سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ہیلتھ سروسز کے سابق ڈائریکٹر بی نذیر احمد نے بتایا ہے کہ مون سون کے موسم میں پھوٹنے والے وبائی امراض کے باعث ہلاکتوں میں یہ تعداد سب سے زیادہ ہے،نہ صرف بنگلہ دیش بلکہ دنیا کے کئی ممالک کو ڈینگی بخار کی وبا کا سامنا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریاسس نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ڈینگی کی وبا بنگلہ دیش میں صحت کے نظام پر بہت زیادہ اثر انداز ہو رہی ہے۔ڈینگی کی علامات میں تیز بخار، سر درد، متلی، الٹی، پٹھوں میں درد شامل ہے اور انتہائی سنگین صورتوں میں خون بھی بہنے لگتا ہے، بیماری پر بروقت قابو نہ پانے سے یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ڈینگی کے خاص قسم کے مچھروں سے پھیلنے والے دوسری قسم کے وائرس جیسے چکن گونیا، زرد بخار اور زیکا سے بھی خبردار کیا ہے، یہ وائرس بھی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں