پرکشش مراعات پر برازیلین کوچ کا پاکستان والی بال ٹیم سےعلیٰحدگی کا فیصلہ

پاکستان والی بال ٹیم کے برازیلین کوچ ایسانے رمیرس نے پرکشش پیشکش پر پاکستان والی بال ٹیم سے علیٰحدگی کا فیصلہ کرلیا، ایشیئن گیمز میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کھانے والی کورین ٹیم کی کوچنگ کے لیے ایسانے رمیرس کا معاہدہ طے پاگیا۔ پاکستان والی بال ٹیم آئندہ ماہ برازیلین کوچ کی خدمات سے محروم ہو جائے گی۔پاکستان برازیلین کوچ کو ماہانہ 4 ہزارڈالرز ادا کر رہا تھا جس پر کورین حکومت نے انہیں ڈبل تنخواہ 8 ہزار ڈالرز اور اہلخانہ کے لیے پرکشش مراعات کی پیشکش کی تھی۔دوسری جانب پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب، برازیلین کوچ کی خدمات سے محروم ہونے پر پریشان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں، کورین حکومت جیسا پیکج نہیں دے سکتے، پاکستان برازیلین کوچ کی بدولت ایک سال میں ایشیا میں پانچویں پوزیشن پر آگیا۔اب ہم نئے کوچ کے لیے مختلف آپشنز پر کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ کوریا کیخلاف ایشیئن گیمز میں پاکستان کی جیت پر برازیلین کوچ کے رونے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں