ٹرمپ اپنے ایشیائی دورے کے دوران امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت پر مشتمل کواڈ گروپ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دو سال کے وقفے کے بعد ہونے والے اس اجلاس میں سمندری سلامتی، اہم معدنیات، مصنوعی ذہانت اور سپلائی چین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ منگل کی سہ پہر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر منیلا پہنچے۔ وہ اسی روز امریکا اور آسیان کے درمیان خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ٹرمپ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ چین پر جاسوسی کے الزامات اور مصنوعی ذہانت کے لیے جدید چپس تک اس کی رسائی محدود کرنے کے امریکی اقدامات نے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔امریکی صدر کی آمد سے قبل منیلا میں مسلسل پانچویں روز احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ٹرمپ کے پتلے نذر آتش کیے اور مشرق وسطیٰ کی جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کرنے والوں نے امریکا کی قیادت میں شروع کیے گئے ’پیکس سلیکا‘ سپلائی چین منصوبے کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ یہ منصوبہ اہم ٹیکنالوجی اور سپلائی چین کے شعبوں میں تعاون سے متعلق ہے۔کواڈ اجلاس میں امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے رہنما شریک ہوں گے۔ یہ بطور صدر ٹرمپ کی کواڈ رہنماؤں کے ساتھ پہلی ملاقات ہوگی، جبکہ گروپ کا آخری سربراہی اجلاس دو سال قبل منعقد ہوا تھا۔اجلاس میں سمندری سلامتی، اہم معدنیات کی فراہمی، برآمدات پر پابندیوں، مصنوعی ذہانت اور سپلائی چین کو متنوع بنانے جیسے معاملات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ زیر سمندر مواصلاتی کیبلز، نئی ٹیکنالوجی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بھی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتے ہیں۔کواڈ کے رکن ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ اتحاد کسی ایک ملک کے خلاف نہیں، تاہم چین اسے اپنے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش قرار دیتا رہا ہے۔دورے کے دوران ٹرمپ تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول کے ساتھ باہمی تجارت سے متعلق مشترکہ بیان پر بھی دستخط کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر متوقع ہے۔امریکا تھائی لینڈ کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے، جہاں رواں سال تھائی برآمدات کا 24 فیصد حصہ بھیجا گیا۔ٹرمپ بدھ کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ چین کے شہر شینزن روانہ ہوں گے، جہاں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پیک) فورم منعقد ہوگا۔ دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر کے ساتھ مجوزہ سہ فریقی ملاقات بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔