لیمبورگینی کا منافع کم لیکن ریکارڈ آمدنی نے حیران کردیا

روم : اطالوی لگژری اسپورٹس کار ساز کمپنی لیمبورگینی نے سال 2026 کی پہلی ششماہی مالیاتی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق کمپنی کا آپریٹنگ منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہوکر 395 ملین یورو ($450 ملین) رہ گیا ہے۔تاہم حیران کن طور پر اس کے برعکس کمپنی نے 1.74 بلین یورو کی تاریخی اور ریکارڈ آمدنی حاصل کی ہے، جو پچھلے سال کے اسی عرصے سے 7.4 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق کمپنی کے آپریٹنگ منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیرف، مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور کرنسی کے اتار چڑھاؤ نے مالی کارکردگی پر منفی اثر ڈالا۔جرمن آٹو گروپ ووکس ویگن کی ذیلی کمپنی لیمبورگینی کا آپریٹنگ منافع رواں سال کی پہلی ششماہی میں 395 ملین یورو رہا، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 431 ملین یورو تھا۔ اسی طرح کمپنی کا آپریٹنگ مارجن بھی 26.5 فیصد سے کم ہو کر 22.7 فیصد رہ گیا۔کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر پاؤلو پوما کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال متعارف کرائے گئے امریکی ٹیرف اور کرنسی کی غیر موافق صورتحال نے کمپنی کی مالی کارکردگی کو متاثر کیا۔اگرچہ منافع میں کمی آئی، تاہم کمپنی کی مجموعی آمدنی میں 7.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1.74 ارب یورو تک پہنچ گئی، جو لیمبورگینی کی تاریخ کی بلند ترین ششماہی آمدنی ہے۔ تاہم اس دوران گاڑیوں کی ترسیل میں 4.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور کمپنی نے مجموعی طور پر 5,422 گاڑیاں صارفین کے حوالے کیں۔کمپنی کے مطابق عالمی لگژری کار مارکیٹ میں مجموعی طور پر 7.7 فیصد سکڑاؤ دیکھنے میں آیا، جس کی بڑی وجوہات امریکی درآمدی ٹیرف، جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال اور چین کی کمزور مارکیٹ ہیں۔ اس کے باوجود لیمبورگینی کی آمدنی نے مجموعی مارکیٹ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔لیمبورگینی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیفن ونکل مین نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باوجود کمپنی نے اپنی مضبوطی برقرار رکھی اور تاریخ کی سب سے زیادہ ششماہی آمدنی حاصل کی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ووکس ویگن نے بھی دوسری سہ ماہی میں آپریٹنگ منافع میں 9.5 فیصد کمی کے بعد سال 2026 کے لیے اپنی فروخت میں اضافے کا ہدف واپس لے لیا تھا، جس سے عالمی آٹو موبائل صنعت کو درپیش چیلنجز مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں

two × 3 =