میں نے اپنی فلموں سے ہیرو ختم کر دیئے،کنگنا رناوت

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے باضابطہ طور پر اپنے سیاسی سفر کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے وہ ریلیاں بھی منعقد کر رہی ہیں۔ایک بھارتی شوبز ویب سائٹ کے مطابق کنگنا نے ایک حالیہ ریلی سے خطاب میں نہ صرف ہندی فلم انڈسٹری کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے سیاہ پہلوؤں پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے فلم انڈسٹری کے بااثر افراد نے ان کے لیے مشکلات کھڑی کیں۔ لڑکیوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور جب انہوں نے اس کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی تو انہیں دھمکیاں دی گئیں۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ ’ایسے راجا بیٹا مجھے بہت ملے ہیں، یہیں نہیں ملے ہر جگہ ملے ہیں۔ فلم انڈسٹری میں بھی ان راجا بیٹوں کو مجھ سے بہت مسئلہ تھا۔ وہاں پر خواتین کا استحصال کرنے کا چلن تھا۔ لڑکیوں کو استعمال کیا جاتا تھا، چپ کرا کے بھگا دیا جاتا تھا۔ اس کے خلاف جب میں نے آواز اٹھائی تو یہی پپو جو شراب اور منشیات کے نشے میں دھت رہتے ہیں، جنہوں نے مجھے ڈرایا، دھمکایا، یہاں تک کہ مجھے نوٹس بھیجا اور مجھے جیل تک میں ڈالنے کی کوشش کی۔ لیکن میرا کچھ نہیں بگاڑ سکے۔‘کنگنا رناوت نے یہاں تک کہہ دیا کہ کس طرح انہوں نے اپنی فلموں میں ’ہیروز‘ کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیا،کہاانہوں نے مجھے ختم نہیں کیا، میں نے اپنی فلموں سے ہیرو ہی ختم کر دیئے۔ میں نے ایسی ایسی فلمیں بنائیں جن میں سے میں نے ہیرو ہی ختم کر دیئے۔ اور میرا ساتھ کس نے دیا؟ میرا ساتھ بھارتی عوام نے دیا اور میری فلموں کو کامیاب کرایا۔خیال رہے کہ اداکارہ اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں اور کانگریسی رہنما وکرمادتیہ سنگھ سے مقابلہ کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں