سینئر پاکستانی اداکارہ و فلمساز روبینہ اشرف نے پوسٹ پارٹم ڈیپریشن (بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والی ذہنی کیفیت) سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اہم باتیں شیئر کیں۔روبینہ اشرف حال ہی میں ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے خواتین کی ذہنی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماضی میں معاشرے میں حمل اور زچگی کے بعد ہونے والی ذہنی کیفیت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا تھا اور یہ سمجھا جاتا تھا کہ بچے کو جنم دینا ہر عورت کی ذمہ داری ہے، چاہے وہ اس مرحلے سے کس قدر مشکل حالات میں گزر رہی ہو۔‘‘روبینہ اشرف نے مزید کہا کہ ’’حمل سے لے کر زچگی کے بعد تک شوہر کی محبت، تعاون اور ہمدردی عورت کے لیے بے حد ضروری ہوتی ہے، کیونکہ اس مرحلے میں متعدد ذمہ داریوں کو سنبھالنا اس کے لیے انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔‘‘
