ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغا زہو گیا، سندھ میں 1 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

ملک بھر میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغا زہو گیا،سندھ میں 1 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق اس سال پاکستان میں پولیو کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ، 3 کیسز صوبۂ خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں اور 2 کیسز سندھ کے شہر کراچی کے ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔گزشتہ 2 ماہ میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیو وائرس کے متعدد مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔محکمۂ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق سندھ میں 1 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ انسدادِ پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپر وائزرز حصہ لے رہے ہیں۔ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کیلیے 5300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آج سے انسدادِ پولیو مہم شروع ہو گئی ہے۔پنجاب کے شہر وں گجرات، ملتان ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں انسدادِ پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔صوبہ خیبر پختون خوا کے 6 ڈویژنز پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ اور ہزارہ میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پشاور کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 53 ہزار پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات ہیں جبکہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 31 ہزار 392 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔محکمۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال بنوں سے پولیو کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں