سموگ کا مسئلہ ، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کوششوں پر بھارتی اخبار کا “جواب ” آ گیا

سموگ کا مسئلہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کوششوں پر بھارتی اخبار کا “جواب ” آ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی کوشش فوری ایکشن طلب ہیں ، بھارت اور پاکستان کو سموگ کیخلاف اکٹھا ہونے کی ضرورت ، فضائیں سرحدپار آلودگی پھیلا رہی ہیں، اجتماعی اقدامات کیے جائیں ، ملکر کام کرنے سے ماضی نہیں بدلے گا، لیکن آنیوالی نسلیں سنور جائیں گی ۔ بھارتی اخبار’’انڈین ایکسپریس ‘‘ نے اپنے مضمون میں لکھا کہ بھارت اور پاکستان کو سموگ کے خلاف کیوں اکٹھا ہونا چاہیے؟ فطرت قومی سرحدوں کا احترام نہیں کرتی، فضائی سرحدوں کے پار آلودگی پھیلا رہی ہیں۔ اجتماعی کارروائی، جیسا ڈیٹا کا اشتراک، مشترکہ منصوبے اور ٹیکنالوجی کا اشتراک ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں مدد کر سکتا ہے۔”جنگ ” کے مطابق بھارتی اخبار نے لکھا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خطے میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کے لیے بھارت کے ساتھ مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ برصغیر میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے مریم نواز کی کوششیں فوری ایکشن طلب ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کےمسائل سے نمٹنے کی کوششیں کی گئیں مگرسب سے بڑی رکاوٹ بڑے پیمانے پر سرحدی مسائل ہیں۔ دونوں اطراف ماحولیاتی مسائل بہت زیادہ ٹھوس شکل اختیار کر گئے اور لاکھوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ رواں برس فصلوں کی باقیات کو جلانے اور دیوالی جیسےتہواروں نےفضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ کیا۔ بھارت اور پاکستان کے کئی شہر 6 بڑے ایئر شیڈزمیں گھرےہیں،ایئر شیڈ ایسا علاقہ جہاں فضائی آلودگی جیسا کہ ذرات، گیسیں اور کیمیکلز جمع ہوتے ہیں ۔دہلی اور لاہور بھی ان ایئر شیڈز میں آتے ہیں اور دوسرے خطوں میں آلودگی میں اضافے سے متاثر ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں