تھانے میں تفتیشی افسر کا بزرگ سے ناروا سلوک، سائل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

فیصل آباد: پولیس تھانے میں تفتیشی افسر کے مبینہ ناروا رویے کے بعد 70 سالہ شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ فیصل آباد کے تھانہ غلام محمد آباد میں پیش آیا، جہاں تفتیشی افسر نے تھانے آنے والے 70 سالہ بزرگ سے مبینہ ناروا سلوک اختیار کیا، جس کی وجہ سے وہ دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی انتقال کر گئے۔متوفی بزرگ کے لواحقین نے لاش کو تھانے کے باہر رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے اور انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ 70 سالہ بزرگ ذوالفقار کی 10 سالہ نواسی کو ہراساں کیا گیا تھا، جس کی شکایت اور اندراج مقدمہ کے لیے وہ تھانے آئے تھے۔تاہم تفتیشی افسر نے ان کی دادرسی کے بجائے ناروا رویہ اختیار کیا، اور ہراسانی کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا، جس پر وہ اتنے دلبرداشتہ ہوئے کہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔متوفی بزرگ کے بیٹے افتخار نے مطالبہ کیا کہ ان کی بھانجی کو ہراساں کرنے والے ملزمان با اثر ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز انصاف دلائیں جب کہ والد کی موت کے ذمہ دار پولیس اہلکار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں

four × four =