اسلام آباد: ججز کی سمری پر دستخط نہ ہونے کا معاملہ، وفاقی حکومت نے صدر مملکت سے مذاکرات کی ذمہ داری اسپیکر قومی اسمبلی کو سونپ دی.وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، ملاقات میں صدر مملکت کے قانونی مشیر عرفان قادر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔ملاقات میں ججز تعیناتی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے اور بعد کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے اور قانونی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔صدر مملکت کے قانونی مشیر عرفان قادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ججز کا معاملہ ان شاء اللہ جلد حل ہو جائے گا، سب مل جل کر مسئلے کا حل تلاش کر لیں گے۔قانونی مشیر نے کہا کہ سب چیزیں ہماری اور ملک کی بہتری کے لیے ہو رہی ہیں، اس طرح کے مسائل پرامن طریقے سے حل ہو جائیں گے، میں ہمیشہ پُرامید رہتا ہوں۔
