اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے ہائی کورٹ کے باہر ارکانِ پارلیمنٹ کے جمع ہونے کی کال نظر انداز کرنے پر ردِعمل دے دیا.اکبر ایس بابر نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی پر قابض گھس بیٹھیوں نے سیاسی تھیٹر لگایا ہوا ہے، ان مہمان اداکاروں کا پارٹی کے اسیروں کی مشکلات کم کرنے سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ عمران خان قید تنہائی میں ہیں دوسری طرف اڈیالہ جیل سے مبینہ طور پر یہ احکامات جاری کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان پارلیمنٹ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر مظاہرہ کریں تاکہ کیسز جلد سنے جائیں۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ پھر سونے پر سہاگہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کی کال کو پی ٹی آئی کے رکن پارلیمنٹ کی اکثریت مکمل نظر انداز کر دیتی ہے، ان مسخروں کا دور ختم ہونے کو ہے۔
