ورلڈ آرٹ دبئی 2026ء میں 40 سے زائد لائیو پرفارمنسز اور 20 سے زیادہ ورکشاپس کا اہتمام

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری چار روزہ میلے کے دوران 40 سے زائد لائیو پرفارمنسز، 23 تخلیقی انسٹالیشنز اور مختلف فنکارانہ سرگرمیاں پیش کی جا رہی ہیں، جبکہ فنونِ لطیفہ کے شائقین کیلئے 20 سے زیادہ عملی ورکشاپس بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔منتظمین کے مطابق نمائش میں آنے والے افراد کو فن پاروں کے مشاہدے کے ساتھ مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور فنونِ لطیفہ کی نئی تکنیکیں سیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے، ورلڈ آرٹ دبئی کے خصوصی اسٹوڈیو میں منعقد ہونے والی ورکشاپس کی فیس نمائش کے داخلہ ٹکٹ میں شامل ہے، پروگرام کے دوران لائیو آرٹ، تخلیقی مظاہروں اور مختلف ممالک کی فنکارانہ روایات کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔ورلڈ آرٹ دبئی کے منتظمین نے 22 نومبر کو خصوصی فیملی ڈے منانے کا اعلان بھی کیا ہے، جس میں بچوں کیلئے مختلف تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا، اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے شریک سکولوں کے طلبہ کے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش بھی کی جائے گی تاکہ کم عمر بچوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار اور فنونِ لطیفہ میں دلچسپی بڑھانے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ورلڈ آرٹ دبئی کے بارہویں ایڈیشن میں 65 سے زائد ممالک کے فنکاروں اور آرٹ گیلریز کی شرکت سے عالمی ثقافتوں اور فنکارانہ روایات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کیا جا رہا ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ ورکشاپس، لائیو پرفارمنسز اور خاندانی سرگرمیوں کا مقصد عالمی آرٹ میلے کو ہر عمر کے افراد کیلئے دلچسپ اور معلوماتی بنانا ہے۔ نمائش 22 نومبر تک روزانہ دوپہر ایک بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں

five × four =