ابوظہبی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو آگاہ کیا کہ جعلساز سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور دیگر آن لائن ذرائع پر جعلی اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق بیرونی تفریحی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور طلب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلساز موٹرسائیکلوں، آرام گاہوں اور کیمپنگ مقامات کی بکنگ کیلئے پرکشش قیمتوں اور خصوصی رعایتوں کے اشتہارات شائع کرتے ہیں، ان کا مقصد لوگوں کو پیشگی رقم ادا کرنے پر آمادہ کرنا ہوتا ہے۔جعلساز بعض اوقات سرکاری بکنگ اور ادائیگی کی ویب سائٹس سے ملتے جلتے جعلی روابط بھی فراہم کرتے ہیں، جن کے ذریعے شہریوں سے رقم کے علاوہ ذاتی اور بینکنگ معلومات حاصل کی جاتی ہیں، بعض افراد سے بکنگ کی تصدیق یا خریداری مکمل کرنے کیلئے پہلے رقم منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، تاہم ادائیگی کے بعد انہیں معلوم ہوتا ہے کہ پیشکش جعلی تھی۔ابوظہبی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مشکوک روابط پر کلک کرنے سے گریز کریں، غیر مصدقہ کھاتوں میں رقم منتقل نہ کریں اور نامعلوم افراد کے ساتھ ذاتی یا بینکنگ معلومات شیئر نہ کریں، پولیس نے خصوصی طور پر خبردار کیا ہے کہ کسی کو بھی یک وقتی پاس ورڈ یا تصدیقی کوڈ فراہم نہ کیا جائےپولیس کے مطابق مشکوک آن لائن دھوکا دہی کی اطلاع امان سروس کے ذریعے دی جا سکتی ہے، اس مقصد کیلئے شہری 8002626 پر رابطہ یا 2828 پر مختصر پیغام بھیج سکتے ہیں۔