پاکستان کی سب سے بڑی فضائی مشق ’انڈس شیلڈ 2023ء‘ کا آغاز ہو گیا

پاکستان کی سب سے بڑی فضائی مشق ’انڈس شیلڈ 2023ء‘ کا آغاز ہو گیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اس 14ملکی بین الاقوامی فضائی مشق کی افتتاحی تقریب پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئربیس پر منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل طارق محمود غازی، ایئرآفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ایئر کمانڈ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس موقع پر ایئرآفیسر کمانڈنگ سنٹرل ایئرکمانڈ نے مشق کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے محرکات کے تناظر میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی فضائی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس وسیع مشق کے انعقاد پر ایئرپاور سنٹر آف ایکسیلنس کی کاوشوں کو سراہا، جس کی بدولت مشق میں حصہ لینے والی فضائی افواج اور اتحادیوں کے مابین موجودہ تعاون اور شراکت داری کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مشق انڈس شیلڈ 2023ءکی منصوبہ بندی اور اس کا انعقاد سربراہ پاک فضائیہ کے ویژن کے عین مطابق ہے۔
واضح رہے کہ مشق انڈس شیلڈ 2023ءمیں ترکیہ ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیائ، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14ممالک کی فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں