دوست نے دوست کو ایک درجن سے زائد گولیاں مار کر قتل کر دیا

ڈیفنس کے علاقے میں دوست نے دوست کو گھر کے سامنے ایک درجن سے زائد گولیاں مار کر قتل کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق قاتل نے پہلے ویگو گاڑی کی عقب سے رپیٹر اور نائن ایم ایم پستول سے گولیاں برسائیں پھر گاڑی سے گھسیٹ کر سڑک پر لٹا کر گولیاں ماریں اور فرار ہوگیا۔واقعہ درخشا ںکے علاقے ڈیفنس فیز 5 خیابان جانباز بنگلہ نمبر 23 کے سامنے پیش آیا ،ایک شخص زخمی بھی ہوا، مقتول کی لاش اور زخمی کو ابتدائی طور پر کلفٹن میں واقع نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے لاش اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 45 سالہ ہمایوں ولد علی محمد داود اور زخمی کی حمام کے نام سے کی گئی، مقتول کو ذاتی رنجش کے باعث اس کے دوست فہد خان نے اس کے گھر کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔مقتول، اس کے بچوں اور گھر کی خواتین کو دینی تعلیم دینے والے مولانا کے بیٹے مولانا یونس نے بتایا کہ مقتول فہد دو بچوں کا باپ تھا، بیٹا 10 سال کا جبکہ بیٹی چھوٹی ہے، مقتول دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، مقتول کے ویسے تو متعدد کاروبار ہیں تاہم اس کا صدر اکبر مارکیٹ میں موٹر سائیکل کا شو روم بھی ہے۔ قاتل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ فہد ہمایوں کا خالہ زاد بھائی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے قبل مقتول ہمایوں سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ میں اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ وہاں فہد خان آیا اور ہمایوں سے کسی بات پر جھگڑا کیا تاہم دوستوں نے بیچ بچاو¿ کرایا، ہمایوں اپنے دوست کے ساتھ اپنی ویگو گاڑی نمبر LD-7772 میں گھر جانے کے لئے نکلا تو فہد خان اس کا پیچھا کرتے ہوئے اس کے گھر تک آیا اور جیسے ہی گاڑی گھر کے گیٹ کے سامنے رکی تو ملزم فہد نے پہلے ویگو گاڑی میں عقب سے نائن ایم ایم پستول اور رپیٹر سے فائرنگ کی جس سے ہمایوں سر میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے علاقے کے متعدد بنگلوں کے چوکیداروں اور گارڈز کے سامنے ہمایوں کو گھسیٹ کر گاڑی سے نیچے سڑک پر گرایا اور جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ مقتول کے سر، چہرے، گردن اور جسم کے دیگر حصوں میں 15 سے زائد گولیاں اور چھرے لگے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے گولیوں کے 15 سے زائد خول ملے ہیں جو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لئے، مقتول کی گاڑی کے پچھلے حصے اور شیشے پر متعدد گولیوں اور چھروں کے نشانات ہیں۔واقعے میں معمولی زخمی ہونے والے مقتول کے دوست حمام کو بیان لینے کے لئے تھانے منتقل کیا گیا، حمام واقعے کا عینی شاہد بھی ہے۔ واقعہ لڑائی جھگڑے کے بعد پیش آیا پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں