(ن) لیگ کا پرویز خٹک کو لینے سے انکار، محمود خان نے بھی نئی جماعت کیلئے ساتھ نہ دیا

پشاور: تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کی سیاسی جماعت بنانے کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق شاہ فرمان اور شوکت یوسفزئی سمیت4 رہنما پرویزخٹک سے سیاسی معاملات طے کررہے ہیں جب کہ محمود خان سے پرویزخٹک نے رابطہ کیا لیکن انکار میں جواب ملا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نئی جماعت کے فیصلے سے قبل پرویزخٹک نے (ن) لیگ میں جانے کے لیے رابطے کیے تھے لیکن (ن) لیگ کی طرف سے انکارپرپرویزخٹک کا متبادل جماعت بنانے کا فیصلہ سامنے آیا۔ذرائع کا بتانا ہےکہ پرویزخٹک نے خیبرپختونخوا کے 13 سابق ممبران اسمبلی سے رابطہ کیا تھا، پی ٹی آئی کے 6 سابق ممبران اسمبلی نے پرویز خٹک کےساتھ چلنے سے معذرت کی جس کے بعد انہوں نے نئی جماعت سے متعلق فواد چوہدری سے بھی رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری استحکام پاکستان اورپرویزخٹک نئی جماعت کے لیے رابطے کر رہے ہیں جب کہ پرویز خٹک کی جانب سے 50 سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز سے رابطوں کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں