پی آئی اے کی تنظیم نو کی منظوری دیدی گئی

پاکستان ائیرلائنز( پی آئی اے) کو دوحصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ منظور کر کے ائیرلائن کی تنظیم نو کی اجازت دے دی گئی۔ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں پی آئی اے انتظامیہ کو تنظیم نو کا مربوط پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ مالی مسائل کے باعث ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری نہ دی جاسکی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے اجلاس میں وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے بھی شرکت کی۔ ائیر لائن ذرائع کا بتانا ہے کہ تنظیم نو منصوبے میں پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کیا جانا شامل ہے، پی آئی اے پر عائد اربوں روپے کے قرضے، نان کور شعبہ جات اور غیر ضروری ملازمین کو پی آئی اے کے پہلے حصہ میں رکھا جائے گا جبکہ دوسرے حصے میں طیارے، تمام منافع بخش اثاثے اور کور شعبہ جات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے دوسرے حصے میں ملازمین کی تعداد کم رکھی جائے گی جبکہ تنظیم نو کے تحت پی آئی اے کے پہلے حصے کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا اور نان کور شعبہ جات آوٹ سورس کر دیے جائیں گے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں مالی مشکلات کے پیش نظر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں