لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستانی اداکار گوہر رشید نے عورت مارچ کے بعض پوسٹرز اور نعروں کے انداز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق جیسے اہم موضوعات پر بات کرتے وقت اظہار کا طریقہ بھی مناسب اور باوقار ہونا چاہیے۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے گوہر رشید نے کہا کہ خواتین کو کسی بھی صورت میں محض ایک شے کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے فلموں میں دکھائے جانے والے آئٹم نمبرز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انداز خواتین کو بطور کردار نہیں بلکہ ایک چیز کے طور پر پیش کرنے کا باعث بنتے ہیں۔اداکار کا کہنا تھا کہ حقوقِ نسواں کے لیے آواز اٹھانا ایک اہم معاملہ ہے، تاہم بعض اوقات عورت مارچ میں نظر آنے والے کچھ پوسٹرز اور پیغامات ایسے ہوتے ہیں جن کا انداز نامناسب محسوس ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اپنے خیالات اور مطالبات کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے زیادہ مہذب طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
