وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دی، وزیراعظم خود بورڈ کی صدارت کریں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ تجارت کی مکمل سپلائی چین میں بہتری لانے اور سرحد پار تجارت سے متعلق تمام نان ٹیرف امور پر فیصلے کرے گا۔بورڈ تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ، ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ کے حوالے سے حکمت عملی بھی ترتیب دے گا۔وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار میں بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے اور اس مقصد کے لیے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ورکنگ گروپس بندرگاہوں کی استعداد کار بہتر بنانے، متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ، ریگولیٹری فریم ورک کی تعمیل، پری ارائیول کلیئرنس اور بین الاقوامی تجارت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی شمولیت سے متعلق امور پر کام کریں گے۔وزیراعظم نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر مال کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر امور کو آسان بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جاری اصلاحات کے تحت پورٹ چارجز میں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد بندرگاہوں کے استعمال میں نمایاں بہتری آئی ہے، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جہازوں کی آمد سے قبل گڈز ڈیکلریشن جمع کرانے کی سہولت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، مشیر وزیراعظم برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں

three + fourteen =