پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا ایونٹ ہفتے کو منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں داخلہ مفت ہوگا۔ ایونٹ میں دو برطانوی نژاد پاکستانی باکسرز بھی شرکت کریں گے جبکہ خواتین باکسرز بھی فائٹس میں حصہ لیں گی۔عامر خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سمیت بھارت میں بھی باکسنگ کے ایونٹس ہو رہے ہیں، تاہم پاکستان میں بھی بے شمار باصلاحیت باکسرز موجود ہیں، وہ لیاری گئے تھے جہاں انہوں نے باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ دیکھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کیلئے حکومتی سپورٹ کی ضرورت ہے، نواز شریف سے ملاقات میں بھی پاکستان میں باکسنگ کے حوالے سے بات ہوئی تھی۔عامر خان نے کہا کہ ان کی مکمل توجہ پاکستان پر ہے، ملک کی آبادی بہت زیادہ ہے اور یہاں سے بڑی تعداد میں عالمی معیار کا باکسنگ ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے۔
