وفاقی دارالحکومت میں مولانا فضل الرحمان نے ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے گی اور قومی نوعیت کے اہم معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے بات ہوئی ہے، جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق پہلے ہی ہو چکا تھا، آج جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے پہلی ملاقات ہوئی ہے جو خوش آئند رہی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قومی ایشوز پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ صوبوں کے معاملے سمیت دیگر اہم مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی جائے گی۔ اسمبلی اجلاس سمیت قیدیوں کے معاملے پر بھی جوائنٹ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے متفقہ مشاورت کی جائے گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور جوائنٹ اپوزیشن کی ملاقاتیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
