جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر عمران احمد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی تشکیل دی گئی فیکلٹی کمیٹیوں میں متعلقہ فیکلٹی کے ڈین، شعبہ جات کے سربراہان، شعبہ انجینئرنگ کے نمائندے سہیل احمد صدیقی، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے عارف صلاح الدین، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان اور ڈپٹی رجسٹرار جنرل ایڈمنسٹریشن فرمان رسول بطور رکن و سیکریٹری شامل ہوں گے۔ کمیٹیوں کی ذمہ داریوں میں عمارات، کلاس رومز، لیبارٹریز، دفاتر، سڑکوں، راستوں، یوٹیلیٹیز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی موجودہ حالت کا جائزہ لینا، دستیاب جگہ اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے تجاویز دینا اور فوری مرمت، تزئین و آرائش، بحالی یا تعمیر نو کے لیے ترجیحات مقرر کرنا شامل ہے۔ کمیٹیاں یونیورسٹی کے توانائی کے استعمال اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیں گی اور توانائی کی بچت، اخراجات میں کمی، شمسی توانائی اور دیگر قابلِ تجدید ذرائع کے استعمال کی فزیبلٹی پر سفارشات دیں گی۔ اس کے علاوہ باغات، سبز مقامات اور دیگر بیرونی علاقوں کی بہتری، شجرکاری، آبپاشی اور کیمپس کی خوبصورتی کے اقدامات تجویز کرنا بھی کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی۔ کمیٹیاں بنیادی ڈھانچے، کیمپس سہولیات، توانائی کے انتظام، سیکیورٹی اور پائیدار انتظام کے لیے اقدامات کے ساتھ عمل درآمد اور رپورٹنگ کا طریقۂ کار بھی وضع کریں گی۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے 30 دن کے اندر کمیٹیاں اپنی متعلقہ فیکلٹی کے لیے جائزہ رپورٹ اور جامع بحالی کا منصوبہ وائس چانسلر کو پیش کریں گی، جبکہ انجینئرنگ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ انہیں تکنیکی معاونت، لاگت کے تخمینے، منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں مدد فراہم کریں گے۔ تمام متعلقہ دفاتر اور شعبہ جات کو کمیٹیوں کے ساتھ مکمل تعاون اور ضروری ریکارڈ و معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔