خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف بیرسٹر گوہر خان اور سلمان خان ایڈووکیٹ نے پشاور ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں، جن میں وفاقی و صوبائی حکومت اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دہشت گردی کو جواز بنا کر منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات ختم کرنا امتیازی سلوک اور آئینی تقاضوں کے منافی ہے۔ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2024 کے انتخابات میں خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل کی اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی حمایت کرتی ہے، جبکہ سیاسی اختلافات اور مذاکرات کی ناکامی کو حکومت کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کرنے اور حتمی فیصلے تک گورنر راج کا اعلامیہ معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے درخواستیں 20 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔