خیبرپختونخوا میں امن و امان، انتظامی ڈھانچے کی بہتری، عوامی سہولتوں اور معاشی استحکام کے لیے 100 سے 180 روزہ ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ہے، جس میں ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت تقریباً 1,150 سڑکوں کی مرمت، 8 ہزار کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگانے، 80 پارکوں کی بحالی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری علاقوں کی تزئین و آرائش شامل ہے۔ صحت کے شعبے میں بنیادی مراکز پر ضروری ادویات کی کم از کم 80 فیصد دستیابی اور 250 مراکز میں 24 گھنٹے سہولت کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ تعلیم کے شعبے میں ڈیڑھ ہزار اسکولوں کی بہتری اور تقریباً 7 لاکھ طلبہ کے لیے فرنیچر فراہم کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ نوجوانوں کے لیے بلاسود قرضوں، فنی تربیت اور روزگار سے منسلک مہارتوں کے پروگرام، جبکہ 65 ہزار گھرانوں کو شمسی توانائی کے نظام کے لیے مالی معاونت دینے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پانی کی فراہمی، ریسکیو 1122، کھیلوں، معدنیات اور کان کنوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔