پاکستان کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت

پاکستان کی جانب سے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ہالینڈ کی حکومت کو پاکستان کے سخت تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ہم ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسی نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے فعال اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا اشتعال انگیز اور اسلام فوبک فعل ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں اس طرح کی کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان سمجھتا ہے کہ آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے۔ بین الاقوامی حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو فعال طور پر روکنا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی برادری کے لیے اسلام فوبیا کے خلاف آواز اٹھانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022 میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے منظور کی گئی قرارداد کے پیچھے یہی روح تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں