ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے سالانہ وفاقی پنشن اخراجات ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں، جبکہ 2016 سے اب تک پنشن اخراجات میں تقریباً پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے پنشن نظام کو مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، مجوزہ اصلاحات کے ذریعے وفاقی پنشن نظام کی مالیاتی پائیداری بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔اے ڈی بی کے مطابق پنشن نظام میں اصلاحات سے حکومتی مالی وسائل پر دباؤ کم ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں سمیت سماجی شعبوں کے اخراجات کے لیے مزید مالی گنجائش پیدا ہوگی، قرض حکومت کے پنشن اصلاحات کے منصوبے پر عمل درآمد کے پہلے مرحلے میں معاونت فراہم کرے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی سرکاری ملازمین نئی کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شامل ہوں گے، نئی سکیم کے نفاذ سے مستقبل میں حکومت پر پنشن کے مالی بوجھ میں کمی آئے گی۔اعلامیے کے مطابق پنشن نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا، جس سے پنشن کے معاملات میں شفافیت بڑھے گی اور ادائیگیوں کا نظام بہتر ہوگا، اصلاحات کے تحت پنشن مستحقین کی مالی آگاہی میں بھی اضافہ کیا جائے گا، تاکہ وہ نئی پنشن سکیم اور اس سے متعلقہ طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں

7 − 1 =