غزہ صورتحال؛ امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے،اسرائیل بھی جائیں گے

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی صورتحال پر عرب ممالک کے رہنماﺅں سے ملاقات کے لئے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔نجی ٹی وی نے عالمی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے جہاں وہ قطر، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کے بقول ان ملاقاتوں میں اسرائیل حماس جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں نئی حکومت کے قیام سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔اعلیٰ امریکی سفارت کار نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ انٹونی بلنکن اس ہفتے کے آخر میں اسرائیل جائیں گے اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر سنگین انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے دباو¿ ڈالیں گے۔بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر عرب ممالک اور یورپی ممالک کو ایک جگہ جمع کریں گے تاکہ غزہ میں تباہ عمارتوں اور انفرا سٹرکچر کی تعمیر نو میں مدد کی جا سکے۔
یاد رہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت کو ختم کرکے نئی حکومت کے قیام کے بیشتر آپشنز پر کئی مہینوں سے بات چیت جاری ہے تاہم اب تک کسی ایک پر اتفاق نہیں کیا جا سکا ہے۔دوسری جانب حماس نے کسی بھی غیر جمہوری حل کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کسی پیرا شوٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ حماس صرف عوام کا فیصلہ تسلیم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں