ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرےروز پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں 199 رنز بنالیے۔
ٹروبا ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں 3 وکٹ پر 199 رنز اسکور کیے ہیں، شان مسعود 88 رنز اور سلمان علی آغا صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
امام الحق 63، اذان اویس صفر اور کپتان بابر اعظم 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ٹیسٹ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 194 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی۔کیوم ہوج 84 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور شے ہوپ نے 92 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کھانے کے وقفے کے بعد 311 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد عباس نے 3،خرم شہزاد نے 2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کو ویسٹ انڈیز کا پہلی اننگز کی خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 112رنز درکار ہیں۔
