فائیو سٹار ہوٹل کو 7لاکھ روپے کا چونا لگانے کی کوشش کرنے والی خاتون گرفتار

جعلی رسیدوں کے ذریعے ایک فائیو سٹار ہوٹل کو 7لاکھ روپے کا چونا لگانے کی کوشش کرنے والی خاتون گرفتار ہو گئی۔انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 37سالہ خاتون دو ہفتے تک ’پُل مین ہوٹل‘ میں قیام پذیر رہی۔اس نے کرائے پر ایک لگژری سوٹ لے رکھا تھا جس کا دو ہفتے کا کرایہ 7لاکھ روپے بنا۔دو ہفتے قیام کے بعد خاتون ادائیگی کیے بغیر جانے لگی تو ہوٹل کے سٹاف نے روک لیا، جس پر خاتون نے انہیں ہوٹل کو ادائیگی کی جعلی رسیدیں دکھائیں، جن سے ظاہر ہو رہا تھا کہ خاتون بینک کے ذریعے ہوٹل کو ادائیگی کر چکی ہے۔تاہم ہوٹل کے سٹاف نے خاتون کا فراڈ ناکام بنا دیا اور پولیس بلا لی۔ پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نیو ایئر منانے نئی دہلی آئی تھی۔ اس نے 30دسمبر کو ہوٹل میں سوٹ بک کیا اور 13جنوری کو ادائیگی کیے بغیر چیک آﺅٹ کی کوشش کی۔اس دوران وہ ہوٹل کے سپاءاور فٹنس سنٹر سمیت تمام لگژری سہولتوں سے استفادہ کرتی رہی۔ایک پولیس آفیسر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ خاتون نے فرضی نام سے ہوٹل میں بکنگ کرائی تھی۔ دوران تفتیش اس نے ہمیں بتایا کہ وہ وکیل ہے تاہم بعد ازاں علم ہوا کہ وہ ایک گفٹ شاپ چلاتی ہے۔اس نے ہوٹل سٹاف کو بینک کی ایپلی کیشن کے ذریعے ادائیگی کی جعلی رسیدیں دکھائی تاہم جب ہوٹل سٹاف نے بینک سے تصدیق کی تو بتایا گیا کہ انہیں کوئی ٹرانزیکشن موصول نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں