پریس بریفنگ میں معاہدہ نہ ہونے پر نئے سال میں نئے حملوں سے متعلق امریکی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ایرانی عوام کا عزم مزید مضبوط ہو گا، امریکی حکام تقریباً روزانہ ہی نام نہاد فتوحات کے دعوے کرتے رہتے ہیں۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے حوالے سے پُرعزم ہے اور انہیں جلد از جلد پورا کرے گا، بشرطیکہ دوسرا فریق متعلقہ شرائط کی پابندی کرے۔انہوں نے کہا کہ تہران اپنے مقاصد اور ایرانی عوام کے حقوق سے بخوبی آگاہ ہے اور ان حقوق کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، چینی شہر شینزن میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات سے قبل اور بعد میں چین اور روس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔اسماعیل بقائی نے دونوں ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کو بہت اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان روابط میں خطے میں امریکی اقدامات پر تنقید اور موجودہ عالمی نظام اور قوانین پر تنقید بھی شامل تھی۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے امریکا کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے فوجی طاقت استعمال کرنے کی دھمکیوں کا دفاع کیا ہے، موجودہ حالات میں بین الاقوامی قانون کے آرٹیکل 51 کے تحت کوئی بھی ریاست اپنے دفاع کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ملک کی اعلیٰ ترین سطح پر فیصلے کیے جاتے ہیں، جبکہ بحری ناکہ بندی پر قابو پانے کے لیے حالات کے تقاضوں کے مطابق سفارتی اور دفاعی اقدامات کیے جا رہے ہیں، عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ ایرانی حکام کریں گے۔اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران پر کئی ماہ سے عائد پابندیاں اور اس سے قبل کی پابندیاں ایک دوسرے سے مختلف ہیں، کیونکہ موجودہ پابندیاں امریکی اور صیہونی فوجی جارحیت کا تسلسل ہیں اور بین الاقوامی قانون کے منشور کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے ایران کے یورپی ممالک میں سُپر مارکیٹوں کے ریفریجریٹرز پر سائبر حملوں میں ملوث ہونے سے ایک بار پھر انکار دیا۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے فرانس سمیت یورپی ممالک میں سپر مارکیٹوں کے ریفریجریٹرز کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں میں پاسدارانِ انقلاب سے منسلک گروہ کے ملوث ہونے کے الزامات مسترد کر دیے۔