کراچی:صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، امن و امان کی صورتحال اور دیگر اہم قومی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سکیورٹی اداروں کی پیش رفت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف قومی امور پر مشاورت اور تبادلۂ خیال کیا گیا۔
