راولپنڈی: نالے میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والی 6 سالہ حریم کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے دوران نالے میں ڈوب کر لاپتہ ہونے والی 6 سالہ بچی حریم کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔گزشتہ رات اندھیرے اور تیز بہاؤ کے باعث ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا جسے روشنی ہوتے ہی دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ حریم کی تلاش کے لیے نالوں اور نالہ لئی کے مختلف علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں اور غوطہ خور آپریشن میں مصروف ہیں اور مختلف مقامات پر باریک بینی سے سرچنگ کی جا رہی ہے۔دوسری جانب حریم کے نالے میں گرنے اور لاپتہ ہونے سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوپہر 2 بج کر 44 منٹ پر شدید موسلادھار بارش کے دوران بچی حریم اپنی فیملی کے ساتھ گھر سے باہر جا رہی ہے۔بارش کے پانی اور سڑک کی نالیوں سے بچنے کے لیے فیملی کے دیگر بچوں کے ساتھ حریم بھی گلی کے بالکل کنارے کنارے چل کر باہر جا رہی ہے۔فوٹیج میں ٹھیک ایک منٹ بعد یعنی 2 بج کر 45 منٹ پر حریم کے والد کو شدید پریشانی کے عالم میں بچی کو آوازیں دیتے اور گلی میں ڈھونڈتے ہوئے آتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے فوراً بعد معلوم ہوا کہ بچی گلی کے ساتھ بہتے نالے کے تیز بہاؤ کی نذر ہو گئی ہے۔
