پشاور : 17 سے 21 اگست بارشوں کے پیش نظرالرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کردیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دونوں صوبوں میں 21 اگست تک مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا میں 17 سے 21 اگست تک چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات اور دریاؤں، ندی نالوں و برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، صوبے میں 16 اگست کی رات سے 21 اگست تک مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، ڈی جی خان سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریاؤں اور ندی نالوں سے محفوظ فاصلہ رکھنے جبکہ والدین کو بچوں کو پانی کی گزرگاہوں، جوہڑوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے روکنے کی ہدایت کی ہے۔گرج چمک کے دوران شہریوں کو کھلے بجلی کے تاروں اور برقی آلات سے دور رہنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
