شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق عمان کے معروف ثقافتی گروپ ’’بن داؤد للفنون الشعبیہ‘‘ نے کتاب میلے کے مختلف حصوں میں روایتی عمانی فن ’’رزفہ‘‘ کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر عمانی شاعر ناصر البادی کی لکھی گئی خصوصی نظم پیش کی گئی، جس میں حاکم شارجہ کے لیے محبت، احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔نظم کا آغاز ’’سلام لک یا شیخ سلطان‘‘ کے الفاظ سے ہوا، جس کا مفہوم ہے کہ اے شیخ سلطان، آپ کو ہمارا سلام اور دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید، نظم کے دیگر اشعار میں شیخ سلطان القاسمی کی شخصیت، ان کی خدمات اور عمانی عوام کی جانب سے ان کے لیے عقیدت و احترام کے جذبات بیان کیے گئے۔روایتی لباس میں ملبوس عمانی فنکاروں نے مخصوص اجتماعی انداز، ہم آہنگ آوازوں اور رزفہ کی روایتی تال کے ساتھ اپنی پیشکش مکمل کی، اس دوران کتاب میلے میں موجود زائرین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور فنکاروں کی پرفارمنس میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔واضح رہے کہ سلطنت عمان کو رواں سال شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے 45ویں ایڈیشن میں مہمانِ اعزاز کی حیثیت حاصل ہے، جس کے تحت عمانی ادب، ثقافت اور تاریخی ورثے کو مختلف پروگراموں کے ذریعے متعارف کروایا جا رہا ہے۔رزفہ عمان اور متحدہ عرب امارات کا مشترکہ روایتی فن ہے، جس میں اجتماعی شاعری، مخصوص حرکات اور ثقافتی انداز کے ذریعے قومی اور سماجی جذبات کا اظہار کیا جاتا ہے، شارجہ کتاب میلے میں اس فن کی پیشکش نے دونوں برادر خلیجی ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور عوامی تعلقات کو اجاگر کیا۔شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں عمانی فنکاروں کی اس خصوصی پیشکش کو ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ خلیجی ورثے کی خوبصورت مثال قرار دیا گیا۔