ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے گزشتہ دو برسوں کے دوران مسلط کردہ 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں میں ایران کو غیر مشروط طور پر جھکانے، حکومت کی تبدیلی اور ملک کو تقسیم کرنے کی ہر ممکن سازش کی۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی قوم کی مزاحمت اور جوابی کارروائیوں کے سامنے وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور ان کا مطالبہ غیر مشروط ہتھیار ڈالنے سے تبدیل ہو کر غیر مشروط مذاکرات اور سفارت کاری پر آ گیا۔اپنے بیان میں انہوں نے یورپی اور بعض علاقائی ممالک کی جانب سے امریکی طیاروں کو فضائی اڈے فراہم کرنے اور ایران مخالف پابندیوں میں شامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سب کے باوجود کوئی بھی طاقت ایرانی قوم کو شکست نہیں دے سکی۔انہوں نے ملکی معاشی خودمختاری کے استحکام کے لئے سفارت کاری سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات و سرمایہ کاری کو اولین ترجیح دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔