وزیراعظم آزاد کشمیر نے کابینہ ارکان کے قلمدانوں میں ردوبدل کی منظوری دیدی

وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ کے بعض وزراء کے محکموں میں تبدیلی سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کے بعض ارکان کو تفویض کردہ محکموں میں ردوبدل کر کے 3 وزراء کے ذمہ محکموں اور ذمہ داریوں کو ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالرحمان آرائیں کو صنعت، لیبر، سیری کلچر، پرنٹنگ پریس، کھیل، امور نوجوانان، ثقافت، سیاحت اور آثارِ قدیمہ کے ساتھ ساتھ کامرس اور اوزان و پیمائش کے محکمے دے دیئے گئے ہیں۔ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے پاس محکمہ صحتِ عامہ کے علاوہ بہبودِ آبادی کا قلمدان بھی تفویض کر دیا گیا ہے، جبکہ محمد ریاست خان کو بورڈ آف ریونیو کا محکمہ دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق کابینہ کے ارکان کے قلمدانوں میں حالیہ ردوبدل کا مقصد حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام اور انتظامی ترجیحات کے تحت مختلف محکموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا اور وزراء کو ان کی ذمہ داریوں کے مطابق محکمے تفویض کرنا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیرِ قیادت نئی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد انتظامی اصلاحات، صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں تیز رفتار اقدامات کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے، کابینہ کے قلمدانوں میں حالیہ تبدیلیاں بھی اسی انتظامی عمل کا حصہ قرار دی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں

fourteen + ten =