عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے تحریری طور پر اپنے دستخط کے ساتھ این آر او مانگا ہے، دوسروں کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والا آج خود جیل میں بیمار ہوگیا ہے۔میاں نواز شریف کے سیل سے سانپ نکلنے یا بیگم کلثوم نواز کے ہسپتال پر دھاوا بولنے جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یہ لوگ مکافاتِ عمل کا شکار ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کا شکوہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، سابق وزیراعظم کا اڈیالہ جیل میں قید کے دوران 8 مرتبہ باقاعدہ طبی ماہرین نے معائنہ کیا، جبکہ جیل میں موجود میڈیکل عملہ روزانہ تین مرتبہ ان کے بنیادی طبی اشارے (وائٹل سائنز) چیک کرتا ہے، اس کے علاوہ مختلف اوقات میں خصوصی میڈیکل بورڈز نے بھی ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔عظمیٰ بخاری کے مطابق اگست 2024 میں سر درد اور بے چینی کی شکایت پر ماہر امراض قلب نے عمران خان کا معائنہ کرکے ادویات تجویز کیں، فروری 2026 میں پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں ان کی آنکھوں اور بلڈ پریشر کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ 10 اگست 2026 کو چار رکنی میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کیا اور بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی۔انہوں نے بتایا کہ 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب عمران خان کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین اور میڈیکل بورڈ نے تفصیلی فٹنس رپورٹ مرتب کی، ستمبر 2026 میں پمز اور شفا آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے جیل میں ان کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور بینائی کا معائنہ کیا۔عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ 10 اور 11 نومبر 2026 کی درمیانی شب عمران خان کو فالو اپ علاج کے لیے پمز ہسپتال لایا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین نے انہیں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجیکشن لگایا۔