امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق روسی فوج کے سابق مواصلاتی افسر لیفٹیننٹ لیو اسٹوپنیکوف نے خفیہ فوجی معلومات یوکرینی انٹیلی جنس کو فراہم کیں، جن کی بنیاد پر کیے گئے میزائل حملے میں 68 روسی فوجی ہلاک اور 60 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اسٹوپنیکوف فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد جنگ کے مخالف ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنی والدہ کی مدد سے یوکرینی انٹیلی جنس سے رابطہ کیا۔ جولائی 2024 میں وہ اپنی فوجی یونٹ چھوڑ کر یوکرینی مورچوں تک پہنچے اور بعدازاں روسی رضاکار کور میں شامل ہوگئے، جہاں وہ مواصلاتی ماہر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اسٹوپنیکوف کا مؤقف ہے کہ ان کے اقدامات روس کے آئینی نظام اور خودمختاری کے تحفظ کے حلف سے مطابقت رکھتے ہیں، تاہم ان کے کردار اور ہلاکتوں سے متعلق اعدادوشمار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بیان کردہ دعووں پر مبنی ہیں۔
