نظامِ شمسی سے باہر اب تک 6000 سے زائد سیارے دریافت کیے جا چکے ہیں تاہم کسی دوسرے سیارے پر زندگی کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے تیار کردہ یہ ماڈل 18 ستمبر 2026ء کو سائنسی جریدے میں شائع ہوا۔ اس تحقیق کے اخراجات امریکی خلائی ادارے ناسا نے فراہم کیے ہیں۔تحقیق کی سربراہی سمانتھا گلبرٹ جینیزیک نے کی جو اب یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ریورسائیڈ سے وابستہ ہیں۔ماڈل کے ذریعے زمین کی تشکیل سے لے کر مستقبل کے تقریباً 50 کروڑ سال تک کا جائزہ لیا گیا تاہم اس میں زندگی کو مکمل طور پر خارج رکھا گیا۔ اس کے باوجود زمین پر سمندر اور فضائی ماحول موجود رہے، ماڈل زمین کی صنعتی دور سے پہلے کی 19 مشاہداتی خصوصیات کی درست عکاسی کرنے میں کامیاب رہا۔محققین کے مطابق بعض گیسیں جانداروں کے علاوہ ارضیاتی عمل سے بھی پیدا ہو سکتی ہیں، اس لیے کسی دوسرے سیارے کی فضا میں صرف ایک مخصوص گیس کی موجودگی زندگی کا ثبوت نہیں۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آکسیجن اور میتھین بیک وقت کسی سیارے کی فضا میں موجود ہوں تو یہ زندگی کی موجودگی کا اہم اشارہ ہو سکتا ہے کیونکہ زمین پر پودے اور جانور یہ دونوں گیسیں خارج کرتے ہیں جو آپس میں کیمیائی عمل کے ذریعے ختم بھی ہوتی رہتی ہیں۔ان گیسوں کی مسلسل موجودگی اس بات کی نشاندہی کر سکتی ہے کہ کوئی جاندار نظام انہیں دوبارہ پیدا کر رہا ہے۔اس ماڈل میں کسی بھی سیارے کی خصوصیات اور معلومات شامل کر کے اس کے ممکنہ فضائی ماحول کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جس کا موازنہ دوربینوں سے حاصل ہونے والے مشاہدات سے کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جیمز ویب خلائی دوربین، مستقبل کی 30 میٹر قطر والی زمینی دوربینیں اور ناسا کی مجوزہ قابلِ رہائش دنیاؤں کی رصدگاہ استعمال کی جاسکتی ہیں۔محققین کے مطابق اگر کسی سیارے کا ماحول زندگی کے بغیر تیار کردہ ماڈل سے مطابقت رکھتا ہے تو وہاں زندگی کے شواہد ملنے کا امکان کم ہو گا لیکن اگر مشاہدات ماڈل کے نتائج سے مختلف ہوں تو وہ سیارہ مزید تحقیق کے لیے اہم بن جائے گا۔تحقیق میں شامل روری بارنز کے مطابق زمین کے مشاہدات کی بنیاد پر ماڈل کی جانچ اور درستگی نے دوسرے سیاروں پر زندگی کی تلاش کے لیے اس کے استعمال کے امکانات بڑھا دیے ہیں۔