ن لیگ نے دھاندلی کرکے انتخابی عمل داغدار کردیا، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے ضلع کوٹلی میں پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرکے انتخابی عمل داغدار کردیا ہے۔ سٹارایشیا نیوز کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ صدر پیپلزپارٹی چوہدری یاسین کے آبائی حلقے میں یکطرفہ ٹھپے لگائے گئے، سہنسہ سے پی پی امیدوار چوہدری اخلاق کی فتح کو شکست میں بدلنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سہنسہ میں دھاندلی سے متعلق متعلقہ پریزائیڈنگ افسران نے بیانات ریکارڈ کروائے اور بتایا کہ یرغمال بنا کر ٹھپے لگائے گئے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ چڑھوئی، سہنسہ، نکیال کے نتائج پر ہمارے شدید تحفظات ہیں، الیکشن کمیشن نتائج روک کر دھاندلی والے اسٹیشنز کی حد تک فوج کی نگرانی میں ری پولنگ کروائے۔واضح رہے کہ میرپورڈویژن کے 13 حلقوں کے مکمل غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج آگئے ہیں جس کے مطابق 9 حلقوں پر مسلم لیگ (ن) اور 4 حلقوں پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے 1 میرپور 1، حلقہ ایل اے 4 میرپور 4، حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1، حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2، حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3، حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2، حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4، ،حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5، حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 سے ن لیگ کامیاب ہوئی ہے۔حلقہ ایل اے 2 میرپور 2، ایل اے 3 میرپور 3، حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1 اور حلقہ ایل اے 10 کوٹلی 3 سے پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں

2 − one =