یورپی یونین کے بحری سکیورٹی مشن ایسپائیڈیز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اطالوی جنگی بحری جہاز برگامینی کی حفاظت میں ایک تجارتی جہاز بحفاظت بحیرۂ احمر عبور کر گیا ہے۔‘ایسپائیڈیز نے سنیچر کے روز جاری بیان میں جہاز کے پرچم، ملکیت یا اس کے سامان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان اور بعد ازاں سعودی جہازوں پر حملوں کے بعد حالیہ ہفتوں میں بحیرۂ احمر میں جہاز رانی ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے۔اس صورتِ حال نے تجارتی بحری آمدورفت کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔واضح رہے کہ ایسپائیڈیز یورپی یونین کا ایک بحری سکیورٹی مشن ہے، جسے فروری سنہ 2024 میں بحیرۂ احمر، خلیجِ عدن اور آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
