فارمولا ون کے سرکاری شیڈول کے مطابق ابوظہبی گرینڈ پری رواں سیزن کی آخری ریس ہوگی، جس میں دنیا کے نامور ڈرائیورز اور بین الاقوامی ٹیمیں حصہ لیں گی۔تین روزہ مقابلوں کا آغاز 4 دسمبر کو پریکٹس سیشنز سے ہوگا، جبکہ 5 دسمبر کو کوالیفائنگ مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن کے ذریعے مرکزی ریس میں ڈرائیورز کی ابتدائی پوزیشنز کا تعین ہوگا، 6 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے مرکزی ریس شروع ہوگی۔یاس مرینا سرکٹ پر ڈرائیورز کو مجموعی طور پر 58 چکر مکمل کرنا ہوں گے، مرکزی مقابلے کے ساتھ دیگر موٹر ریسنگ سرگرمیاں اور معاون ریسیں بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی۔المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق ابوظہبی گرینڈ پری متحدہ عرب امارات کے نمایاں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں شمار ہوتی ہے، جو دنیا بھر سے موٹر اسپورٹس کے شائقین، سیاحوں اور کاروباری شخصیات کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔یاس آئی لینڈ پر عالمی سطح کے ریسنگ مقابلوں کے انعقاد سے ہوٹلوں، ریستورانوں، سیاحتی سرگرمیوں اور مہمان نوازی کے شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔متحدہ عرب امارات میں فارمولا ون مقابلوں کے انعقاد نے عالمی کھیلوں کے میدان میں ابوظہبی کی شناخت کو مزید مستحکم کیا ہے، جدید سہولتوں سے آراستہ یاس مرینا سرکٹ دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔منتظمین کی جانب سے ریس کے دوران شائقین کیلئے مختلف تفریحی سرگرمیوں اور خصوصی پروگراموں کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جبکہ سیزن کی فیصلہ کن آخری ریس 6 دسمبر کو منعقد ہوگی۔