پی ٹی آئی پر بطور جماعت پابندی ہوگی، اپنے بیان پر قائم ہوں، فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ میں دہشت گردی ختم کرنا ممکن نہیں، تاہم اس عرصے میں واضح سمت متعین کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی کابینہ نے پانچ فیصد بھی کام کر دکھایا تو پی ٹی آئی کو سیاسی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی پر بطور جماعت پابندی لگ سکتی ہے اور وہ اپنے دس ماہ پرانے بیان پر قائم ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہوگی، کیونکہ جماعت میں ملک سے مخلص لوگ بھی موجود ہیں، تاہم ان کے مطابق ایک طبقہ دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ احترام پر مبنی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تحفظات پر بات چیت کی جا سکتی ہے، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے میں رکاوٹیں پیدا ہونے سے حالات مزید خراب ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں

15 + 20 =