خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی نہیں ریاست کے ساتھ ہیں: امیر مقام

خیبر پختونخوا کے علاقے ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت مقبوضہ کشمیر کی ماؤں اور بہنوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف اور ریاست کے ساتھ ہیں، صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری عوام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام نے قیام پاکستان کے وقت بھی ملک کا بھرپور ساتھ دیا تھا اور آج بھی ملک و ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ مشکل وقت میں خاکی وردی والے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں، پاکستانی فوج نے بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملایا اور اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی 13 سالہ بدترین حکومت سے عوام کو نجات مل گئی ہے، پی ٹی آئی کا کام صرف پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانا تھا، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف ہیں۔امیر مقام نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ تین ماہ تک دفتر نہیں گئے، چندہ اکٹھا کرنے کے لیے لانگ مارچ کو طول دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جانے سے عوام ناخوش ہیں، وہ آج ہری پور میں ہزاروں افراد کی شرکت دیکھ لیں، باہر بیٹھے یوٹیوبرز اپنی مرضی کے خاکے بنانے کے بجائے یہاں آکر عوام کا رجحان دیکھیں۔وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا چیپٹر بند ہوچکا ہے اور اب اس کا احتساب ہوگا، انہیں جواب دہ ہونا پڑے گی، آئندہ انتخابات میں حقیقی عوامی نمائندے کامیاب ہوکر آئیں گے، ملک ہے تو سیاست ہے اور ملک ہی سب کچھ ہے۔امیر مقام نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ن) کی تمام قیادت ہری پور کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں ہری پور کو ترجیح دی جائے گی، علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں

1 × three =