تاجر برادری کے مطالبے پر جنوری میں مزید مال گاڑیاں چلائیں گے: وزیر ریلوے

صوبائی دارالحکومت میں حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ریلوے کے فریٹ آپریشن کو وسعت دینے، آمدن بڑھانے اور نظام میں بہتری لانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مطالبے پر ریلوے کے مفاد میں مزید مال گاڑیاں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جنوری تک 14 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں فریٹ آمدن میں اضافے کے لیے خانیوال میں ڈرائی پورٹ بنانے کی منظوری بھی دی گئی، اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے 31 دسمبر تک ملک بھر میں مزید پانچ وے برج نصب کیے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مکینیکل وجوہات کی بنا پر پیش آنے والے ٹرین حادثات کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرائی جائیں گی اور اس سلسلے میں متعلقہ ٹرین ایگزامینرز کے خلاف انکوائری کی جائے گی۔ریلوے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہیڈکوارٹرز کی سطح پر آپریشنل میٹنگز ختم کرنے اور آئندہ یہ اجلاس ڈویژن کی سطح پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ ریلوے سسٹم سے ڈی وی ایم اور ڈی وی ایس کوچز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا۔اجلاس میں پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے سلیپر فیکٹریوں میں ڈبل شفٹ میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی جب کہ انجنوں اور کوچز کے پرزہ جات کی خریداری میں تاخیر پر وفاقی وزیر نے برہمی کا اظہار کیا۔دوسری جانب حنیف عباسی نے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے میں ریلوے کی برانچ لائنوں کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں اس موقع پر برانچ لائنوں کی بحالی کے لیے فنڈز کے فوری اجرا کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں

fourteen − 3 =