وہ اس حقیقت سے آشنا تھے کہ عہدِ حاضر کے مُسلمان منزل سے بھٹک گئے ہیں، لہٰذا ان کو درست راستے پر گامزن کرنا وقت کا تقاضا ہے، یہ کوشش وہ بالخصوص اپنی شاعری کے وسیلے سے تمام عمر کرتے رہے، کبھی براہِ راست اُسلوب میں تو کہیں استعاراتی و علامتی پردوں میں، کبھی دعائیہ و فجائیہ رنگ میں تو کہیں تنبیہی و تاکیدی انداز میں، لیکن مقصدِ اوّلیں یہی رہا کہ بھٹکے ہوئے آہو (مسلمان) کو سُوئے حرم متوجہ کیا جائے۔’آہو‘ کی رمز ان کے بنیادی علائم کا حصہ اُسی طرح بنی ہے جیسے وہ شاہین، لالہ، پروانہ و جگنو، نَے، خونِ جگر اور ساقی جیسی علامتوں کو فرد کی اصلاحِ احوال کیلئے برتتے ہیں، ’آہو‘ کی وساطت سے انہوں نے اپنے کلام میں بے مثل معنویت پیدا کی ہے، یہ رمز ان کے داخلی احساسات کی ترجمان ہے اور اس کے ذریعے فرد اور ملت کو درپیش مسائل کو عصرِ حاضر کے تناظرمیں اجاگر کیا گیا ہے۔اقبالؒ نے آزادانہ زندگی، بے نیازی اور ہوشیاری کے اوصاف کے پیش نظر فرد کیلئے یہ علامت اختیار کی، خاص طور پر ’نافۂ آہو‘ کو وہ فرد کی روحانی و باطنی صفات سے منسوب کر کے عمدہ معانی کا حصول کر گئے ہیں، اقبالؒ نے چونکہ تہذیبِ حجازی کی بازیافت کیلئے اکثر مقامات پر صحرائے عرب کے استعارے برتے ہیں، لہٰذا اسی نسبت سے انھوں نے صحرا کی وسعتوں سے وابستہ ایک چوکس اور فعال کردار ’آہو‘ کو مردِ مومن کیلئے بطور علامت اپنایا۔اس تناظر میں کہیں ’آہو‘ ماضی کے مسلمانوں کی روشن علامت میں ڈھل جاتا ہے، تو کہیں عہدِ حاضر میں تحرک و عمل سے عاری افراد کے داخلی اضطراب، ذہنی کرب ،بے چینی اور جابجا بھٹکتے پھرنے کا استعارہ ہے، جو اقبالؒ کے بقول خود ناشناسی کے باعث ’بے نافہ‘ (صلاحیتوں سے عاری) ہیں، اہم بات یہ ہے کہ اقبالؒ کا رجائیت پر مبنی زاویۂ نظر اس ’بھٹکے ہوئے آہو‘ کو ’سوئے حرم‘ لے جانے کی تمنّائوں سے عبارت رہا۔وہ جابجا رجائی لب و لہجے میں برسے ہوئے بادل(گذشتہ تابناک ماضی) میں بجلیوں کو خوابیدہ (یعی آثارِ عمل) دیکھتے ہوئے اپنے صحرا (ملتِ اسلامیہ) میں پوشیدہ ایسے آہوؤں (مسلمانوں) کا سراغ دیتے ہیں جو اس کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے، وہ دعائیہ و رجائیہ دونوں انداز اپناتے ہوئے اپنے تصورات و نظریات کا ابلاغ کرتے ہیں، اقبالؒ کہیں بھی مایوس دکھائی نہیں دیتے اور جابجا ایسی آرزوئیں اور تمنائیں ان کے شعرپاروں میں دکھائی دیتی ہیں