طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پارلیمان میں بحث کے ساتھ عوام کو بھی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا آئینی و جمہوری حق ملنا چاہیے۔اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب! پیپلز پارٹی 18 سال سے سندھ میں برسراقتدار ہے، پیپلز پارٹی 2022 سے وفاقی حکومت میں بھی شریک اقتدار رہی ہے، تاہم نظام کی اصلاح کی بات کرنے سے پہلے اپنی حکمرانی اور کارکردگی کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کا اصول یکطرفہ نہیں ہوسکتا، ہر سیاسی جماعت اور قیادت عوام کے سامنے جوابدہ ہے، ریفرنڈم کوئی غیر جمہوری تصور نہیں بلکہ آئین میں موجود ایک آئینی راستہ ہے، اگر پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے تو عوام کی براہ راست رائے لینے پر اعتراض کیوں؟وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا مقصد اقتدار کی رسہ کشی نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کی خوشحالی ہونا چاہیے، جبکہ عام آدمی کی عزت نفس، بہتر گورننس اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کو آئینی دستاویزات اور سیاسی نعروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، حکمرانی کسی کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے، پارلیمان اور عوام کی رائے ایک دوسرے کی مخالف نہیں بلکہ مضبوط جمہوریت کے دو بنیادی ستون ہیں۔طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ آئینی تقاضوں، پارلیمانی مکالمے اور عوامی اعتماد سے ہونے چاہئیں، عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع دیا جائے اور ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے